پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے تحت ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا، جبکہ پیٹرول 35 پیسے فی لیٹر سستا کردیا گیا۔
اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
پیٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 21 جولائی سے ہوگا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کاتعین اوگراکی جانب سےکیاگیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز کا یومیہ قیمتوں کے نظام کا خیر مقدم
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی پر حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم قلت کے باوجود ملک بھر میں ایندھن کی فراہمی مؤثر انداز میں برقرار رہی۔
وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ یومیہ پیٹرولیم قیمتوں کا نیا نظام سات روزہ رولنگ ایوریج پر مبنی ہوگا، جبکہ ہفتہ وار قیمتوں کا سابقہ نظام بھی سات روزہ اوسط قیمت پر مبنی تھا۔
انہوں نے کہا کہ یومیہ قیمتوں کے نظام سے مارکیٹ میں بگاڑ اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
پیٹرولیم ڈیلرز نے مطالبہ کیا کہ او ایم سیز اور ڈیلرز کے درمیان ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کو شامل کیا جائے، جس پر وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی کہ قواعد و ضوابط کی تیاری میں ڈیلرز کی آراء شامل کی جائیں گی۔
علی پرویز ملک نے ڈیلرز مارجن 8 فیصد کرنے کے مطالبے پر غور کی بھی یقین دہانی کرائی۔
