پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے یومیہ تعین کے معاملے پر اسلام آبادمیں ہلچل مچ گئی ہے کیونکہ وزیرپیٹرولیم علی پرویز کی کراچی اور لاہور کے پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں سے متواتر ملاقتوں کے باوجود بھی ڈیلرز کو قیمتوں کے یومیہ تعین پر قائل نہیں کیا جا سکا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین اوگرا اور سیکریٹری پیٹرولیم کیساتھ پیٹرولیم ڈیلرز نمائندوں کے بیک ٹو بیک اجلاس ہوئے، پی پی ڈی اے کے وفد نے علی پرویز کے بعد چیئرمین اوگرا سے ڈھائی گھنٹے تک ملاقات کی ۔
ملاقاتوں میں پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں نے قیمتوں کے یومیہ تعین پر شدید تحفظات کااظہارکیا ۔
وائس چیئرمین پی پی ڈی اے طارق حسن نے کہا کہ قیمتوں کے یومیہ تعین پر اوگرا نے7دن کی مہلت مانگ لی ہے، کل کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا مرکزی اجلاس طلب کیا گیاہے،اجلاس میں فیصلہ ہو گا کہ ہڑتال کریں یا اوگرا کو 7 دن کی مہلت دیں، ملاقاتوں میں ڈیلر مارجن 8 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی نمائندہ تنظیم اوسی اے سی نےحکومتی فیصلےکی حمایت کی ہے۔
