ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی نے کہاہے کہ آزاد کشمیر میں بلاول بھٹوزرداری کی بھرپور انتخابی مہم سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، عوام کے ووٹ کی طاقت سےکسی بھی قسم کے ہتھکنڈے ناکام ہوں گے، شیڈول چاہےجیسا بھی ہو، ہم جیتیں گے۔
ترجمان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا انتخابی شیڈول میں تبدیلی جیسے اقدامات عوامی حمایت کا راستہ نہیں روک سکتے ۔ پیپلز پارٹی عوامی طاقت پر یقین رکھتی ہے۔ کشمیر کے عوام پیپلزپارٹی کے منشور اور قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، ہر میدان میں کامیابی ہماری ہوگی۔ بلاول بھٹوزرداری نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر دوٹوک مؤقف اختیار کیا ۔
ترجمان کا کہناتھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے، شازیہ مری نے کہا وفاقی وزراکے غیرمحتاط بیانات سیاسی کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ قومی مفاد اورکشمیرکاز پر تمام سیاسی قوتوں کو ذمہ داری کامظاہرہ کرنا چاہیے۔۔ انتخابات شفاف، آزاد اورغیرجانبدار ماحول میں کرانا ہی جمہوریت کا تقاضا ہے۔
