اسلام آباد : سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کل سنائے جانے کا امکان ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بار پھر 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے سے متعلق باتیں ہورہی ہیں اور خود پی ٹی آئی رہنما بھی اس سے متعلق تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے دلائل سننے کے بعد 18 دسمبر کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں فیصلہ محفوظ کیا تھا جو ابتدائی طور پر 22 دسمبر کو سنایا جانا تھا۔
بعد ازاں، عدالت نے چھٹیوں اور کورس کے باعث سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا۔
تاہم، 6 جنوری کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا اور یہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، گزشتہ سماعت پرجج ناصر جاوید رانا کی رخصت کے باعث فیصلہ نہیں سنایا گیا تھا۔
عدالتی عملے نے عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو آگاہ کیا تھا کہ کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔