ایران میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے دوران پھنسے 107 پاکستانی شہری آخرکار وطن واپس پہنچ گئے، جب قومی ایئر لائن پی آئی اے کی خصوصی پرواز PK-9552 انہیں ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد سے لے کر صبح 3 بجے اسلام آباد پہنچی۔
ایرانی فضائی حدود کی بندش کے باعث، پاکستانی شہریوں کو پہلے زمینی راستے سے مشہد سے اشک آباد منتقل کیا گیا، جہاں سے انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا گیا۔ یہ کامیاب انخلاء ایران اور ترکمانستان میں قائم پاکستانی سفارتخانوں کے باہمی تعاون اور فعال کردار کی بدولت ممکن ہوا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق، یہ پرواز حکومتِ پاکستان کی ہدایات پر بھیجی گئی تھی تاکہ ایران میں پھنسے شہریوں کو بحفاظت وطن واپس لایا جا سکے۔ ترجمان نے تصدیق کی کہ یہ پہلی خصوصی پرواز تھی، جو کامیابی سے 107 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچی۔
وطن واپس پہنچنے والے مسافروں نے حکومت، وزارت خارجہ اور پی آئی اے کے بروقت اور مؤثر اقدامات کو سراہا اور اسے "قومی اداروں کی انسان دوستی پر مبنی پالیسی” کا تسلسل قرار دیا۔
ایک مسافر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا”ہم نے مشکل وقت میں اپنے ملک کو اپنے ساتھ پایا۔ یہ ایک یادگار لمحہ تھا جب وطن کی سرزمین پر قدم رکھا۔”
پی آئی اے کے مطابق، قومی مفادات کی خاطر ایمرجنسی حالات میں خصوصی پروازیں چلانا ان کی دہائیوں پرانی روایت کا حصہ ہے، اور آئندہ بھی ہر ممکن حد تک خدمات فراہم کی جاتی رہیں گی۔