اسلام آباد — پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی سے خطاب میں کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مشکل وقت میں پاکستان کی دنیا میں نمائندگی کی، اور وہ پاکستان کے ہر فرد کے لیے باعث فخر ہیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا”سب سے پہلے میں اپنی افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جو دن رات ہمارے وطن کا دفاع کر رہی ہیں۔”
انہوں نے بلاول بھٹو کی خارجہ محاذ پر کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا”بلاول بھٹو نے ایک نازک وقت میں پاکستان کا دفاع کیا اور دنیا بھر میں ہماری مؤثر نمائندگی کی۔ اگر دوبارہ ایسا وقت آیا تو پاکستان کی ہر عورت، بچہ اور جواں ملک کے لیے کھڑا ہو گا۔”
آصفہ بھٹو زرداری نے بجلی کی عدم فراہمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا”یہ 2025 ہے، اور ابھی بھی ہزاروں پاکستانی بجلی سے محروم ہیں۔ میرے حلقے میں روزانہ 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، جو غریب عوام اور مزدور طبقے کے لیے ناقابل برداشت ہے۔”
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تعلیم کو اولین ترجیح دی جائے”ہمیں تعلیم پر زیادہ فنڈز مختص کرنے ہوں گے۔ تعلیم ہی وہ ہتھیار ہے جس سے ہم غربت، انتہا پسندی اور معاشی پسماندگی کا خاتمہ کر سکتے ہیں۔”
آصفہ بھٹو نے پیپلز پارٹی کے عوامی خدمت کے وژن کو دہراتے ہوئے کہا”ہماری جماعت ہمیشہ کمزور طبقے کی آواز بنی ہے۔ ہم اپنے مشن پر کاربند ہیں اور ہر اس پاکستانی کے ساتھ کھڑے ہیں جو نظام میں پیچھے رہ گیا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پارٹی ملک میں سماجی انصاف اور برابری کے اصولوں پر مبنی نظام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔