ماسکو میں کار بم دھماکا، روسی فوج کے سینئر جنرل ہلاک
ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں روسی فوج کے ایک سینئر جنرل ہلاک ہو گئے۔
روسی تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق ہلاک ہونے والے افسر کی شناخت لیفٹیننٹ جنرل فانل سروروف کے نام سے ہوئی ہے، جو روسی جنرل اسٹاف کے آرمی آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ تھے۔
تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والا بم گاڑی میں نصب کیا گیا تھا، جس کے پیچھے یوکرین کی خصوصی خفیہ سروسز کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
روسی حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور دھماکے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر خفیہ کارروائیوں کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں۔