پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے ایشین گیمز 2026 کے لیے ویٹ لفٹرز کے نام طلب کر لیے
پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن نے جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر 2026 تک ہونے والے 20ویں ایشین گیمز کے لیے ایکریڈیٹیشن اور انٹری کا عمل باضابطہ طور پر شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں فیڈریشن نے تمام الحاق شدہ یونٹس سے ویٹ لفٹرز کے نام طلب کر لیے ہیں۔
پاکستان ویٹ لفٹنگ فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری سدرہ گل کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق ایشین گیمز میں شرکت کے خواہشمند مرد ویٹ لفٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے نام اور فوٹو سمیت مطلوبہ کوائف 2 فروری 2026 تک میڈم نزہت جبیں کو ارسال کریں۔ اس اقدام سے متعلق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل حاجی خالد محمود اور فیڈریشن کے صدر جبران بن سلمان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
فیڈریشن کے مطابق ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کی تیاریوں کے حوالے سے انتظامی اقدامات اولمپک ایسوسی ایشن کے تعاون سے شروع کر دیے گئے ہیں تاکہ قومی دستے کی بروقت اور منظم شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ 20ویں ایشین گیمز جاپان کے شہر ناگویا میں منعقد ہوں گے، جن میں ایشیا کے 45 ممالک اور خطے شریک ہوں گے۔ یہ ایونٹ ہر چار سال بعد منعقد کیا جاتا ہے، جبکہ 2026 کے کھیلوں کا مرکزی مقام ناگویا سٹی کا میزوہو پارک ایتھلیٹک اسٹیڈیم ہوگا۔ ایشین گیمز 2026 کا نعرہ ’’ایک ایشیا کا تصور کریں‘‘ رکھا گیا ہے، جو علاقائی اتحاد اور ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔