ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 10 خارجی دہشتگرد ہلاک
راولپنڈی – بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 10 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 فروری کو فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے شرپسندوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 10 دہشتگرد مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو علاقے میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر ہندوستانی سرپرستی میں سرگرم خارجی عناصر کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن عزمِ استحکام کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشتگردی کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔