قومی کھیل کی بحالی کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا انقلابی منصوبہ شروع

ورلڈکپ کوالیفائرز: قومی ہاکی ٹیم کی مینجمنٹ کا اعلان

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی کھیل ہاکی کی بحالی، نوجوان ٹیلنٹ کی تلاش اور کھیل کے فروغ کے لیے ایک اہم اور انقلابی منصوبے "اسکول ہاکی اپ لفٹ پلان” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ منصوبہ وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے نافذ کیا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں ہاکی سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نئی نسل کو قومی کھیل کی جانب راغب کرنا ہے۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کے ایک ہزار اسکولوں کو جدید ہاکی سامان فراہم کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں اور ہاکی کے کھیل کو نچلی سطح پر مضبوط بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔

پی ایچ ایف کے ترجمان کے مطابق ایک سالہ جامع پروگرام کے دوران حکومت پاکستان، پاکستان اسپورٹس بورڈ اور نجی شعبے کے اسپانسرز کے مالی اور تکنیکی تعاون سے مختلف ہاکی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں بین المدارس ہاکی ٹورنامنٹس اور خصوصی تربیتی کیمپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔

منصوبے کے تحت ملک بھر سے ہزاروں باصلاحیت لڑکوں اور لڑکیوں کی نشاندہی کی جائے گی، جنہیں مستقبل میں قومی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ منتخب کھلاڑیوں پر مشتمل ایک مضبوط انڈر 15 قومی پول تشکیل دیا جائے گا جو پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے اہم سرمایہ ثابت ہوگا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ منصوبے کے لیے مختص تمام فنڈز مکمل شفافیت کے ساتھ خرچ کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعلیمی ادارے اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے