لا اینڈ جسٹس کمیشن کا انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کیلئے آئینی ترمیم کی سفارش کردی۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیرصدارت لا اینڈ جسٹس کمیشن کے اجلاس میں انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کیلئےآئینی ترمیم کی سفارش کر دی گئی۔ اجلاس میں اٹارنی جنرل،ہائی کورٹس چیف جسٹس صاحبان شریک ہوئے۔ وفاقی وزیر قانون و انصاف نےخصوصی دعوت پر اجلاس میں شرکت کی۔
لا اینڈ جسٹس کمیشن نے انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان کے قیام کی سفارش وفاقی حکومت کو بھجوادی، مجوزہ انٹرنیشنل کمرشل کورٹ آف پاکستان ایک آزاد وفاقی اعلیٰ عدالت ہوگی۔ مجوزہ عدالت بین الاقوامی تجارتی تنازعات کےفوری اور موثرحل کے لیے قائم کی جائے گی۔
مجوزہ عدالت ثالثی ایوارڈز کے موثر نفاذ کو بھی مضبوط بنائے گی، انٹرنیشنل کمرشل کورٹ تجارتی قوانین میں یکسانیت اور پیشگوئی کی صلاحیت کوفروغ دے گی۔
مجوزہ عدالت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گی۔ مجوزہ عدالت پاکستان کو عالمی تجارت اورسرمایہ کاری کیلئے پر کشش مقام بنانے میں معاون ہوگی۔
