پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا دلپذیر نے کہا ہے کہ وہ کبھی دوسری شادی کے خلاف نہیں رہیں، تاہم شاید یہ ان کی قسمت میں نہیں تھی۔
ڈرامہ سیریلز "بلبلے” اور "قدوسی صاحب کی بیوہ” سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں اپنی ذاتی زندگی، طلاق اور بطور سنگل مدر گزرے سفر پر تفصیل سے گفتگو کی۔
حنا دلپذیر نے بتایا کہ ان کی طلاق اس وقت ہوئی جب وہ صرف 24 سال کی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے نزدیک گھر اور خاندان ہمیشہ بہت اہم رہے ہیں، لیکن اگر دو افراد ایک ساتھ خوشگوار زندگی نہیں گزار سکتے تو بہتر ہے کہ وہ باہمی احترام کے ساتھ الگ ہو جائیں۔
اداکارہ کے مطابق ہر شخص کی زندگی ایک جیسی نہیں ہوتی اور ضروری نہیں کہ ہر کسی کی قسمت میں روایتی خاندانی زندگی لکھی ہو۔
حنا دلپذیر نے واضح کیا کہ وہ کبھی بھی دوسری شادی کے خلاف نہیں رہیں، تاہم ان کے بقول دوبارہ شادی ان کی قسمت میں نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو خود ترسی کا شکار ہونے کے بجائے اپنے حالات کو حوصلے، وقار اور مثبت سوچ کے ساتھ قبول کرنا چاہیے۔
