پاکستان کے معروف نوجوان فیملی ولاگرز اور ڈیجیٹل کریئیٹرز معاذ صفدر اور صبا معاذ ایک بار پھر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئے۔ حال ہی میں ننھی پری کے والدین بننے والے اس جوڑے کی فیملی اب پانچ افراد پر مشتمل ہو گئی ہے، جس پر مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
ننھی بیٹی کی آمد کی خوشی میں معاذ صفدر نے اپنی اہلیہ صبا معاذ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک نئی سرمئی (گرے) رنگ کی سوزوکی ویگن آر گاڑی تحفے میں دی، جسے باقاعدہ گھر پر ڈیلیور کیا گیا۔
اس خوبصورت سرپرائز پر صبا معاذ نے سوشل میڈیا پر اپنے شفیق شوہر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا: "الحمدللہ! میں نے انہیں ایک خوبصورت شہزادی کا باپ بنایا، اور انہوں نے مجھے بھی بالکل ایک شہزادی جیسا محسوس کروایا۔”
واضح رہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والے معاذ صفدر اور صبا معاذ روزمرہ کے فیملی ولاگز اور تخلیقی ویڈیوز کی بدولت بے حد مقبول ہیں۔ یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 53 لاکھ (5.3 ملین) سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ انسٹاگرام پر بھی دونوں کے بالترتیب 21 لاکھ اور 22 لاکھ فالوورز موجود ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے معاذ صفدر کے اس اقدام کو خوب سراہا جا رہا ہے۔

