واشنگٹن : بھارت کے جنگی جنون کو سفارتی محاذ پر منہ توڑ شکست ہوئی ہے۔ بھارت اپنی ہزیمت چھپانے میں مکمل ناکام ہے۔ صدر ٹرمپ نے مسلسل تیسری بار خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو عالمی سطح پر سراہا۔
فاکس نیوز انٹرویو میں ٹرمپ نے کھل کر پاکستان کی تعریف کی۔امریکی صدر نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے جنگ کے بجائے تجارت کو ترجیح دے کر عالمی قیادت کا ثبوت دیا۔ پاک بھارت کشیدگی ایٹمی جنگ کے قریب پہنچ چکی تھی۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ہم نے ممکنہ ایٹمی تصادم کو روک کر خطے میں امن قائم رکھا، پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ پاکستان نے تجارت کی پیشکش خوش دلی سے قبول کی، جو خطے میں استحکام کی علامت ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ زبردست بات چیت ہوئی، ہم انہیں نہیں بھول سکتے۔ پاکستانی لوگ نہ صرف ذہین ہیں بلکہ پاکستان معیاری مصنوعات بنانے والا ملک ہے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے خطے میں امن کے لیے اہم اور دلیرانہ اقدام اٹھایا۔ مودی کی جنگی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔ بھارت نے پہلے جنگ بندی کی اپیل کی، پھر ہٹ دھرمی سے ٹرمپ کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی جنگی سوچ نے بھارت کو عالمی سطح پر جگ ہنسائی کا باعث بنایا۔ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ ایپل کے سی ای او کو سرمایہ کاری سے روک چکے ہیں جو بھارتی معیشت کیلئے دھچکا ہے ۔