سپین نے عالمی فٹبال کی تاریخ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔ سپین بیک وقت مردوں اور خواتین کے فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے پاس رکھنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
امریکا میں کھیلے گئے ورلڈ کپ فائنل میں سپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول فیران ٹوریس نے اضافی وقت کے دوسرے ہاف میں اسکور کیا، جس کی بدولت سپین نے سنسنی خیز مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔
اس فتح کے ساتھ سپین نے 2023 میں جیتے گئے فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے ٹائٹل کے ساتھ ساتھ اب فیفا مینز ورلڈ کپ 2026 کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا، یوں وہ فٹبال کی تاریخ کا پہلا ملک بن گیا جس کے پاس ایک ہی وقت میں مردوں اور خواتین دونوں عالمی ٹائٹلز موجود ہیں۔
ورلڈ کپ کی تاریخی فتح کے بعد سپین کے مختلف شہروں میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ دارالحکومت میڈرڈ، بارسلونا اور دیگر شہروں میں ہزاروں شائقین سڑکوں پر نکل آئے اور قومی پرچم لہرا کر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔
