غزہ شہر میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چھ افراد شہید ہو گئے، جبکہ متعدد دیگر افراد زخمی ہوئے۔ طبی حکام کے مطابق حملے میں ایک مکان مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور آگ لگنے کے باعث امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
رائٹرز کے مطابق حملہ غزہ شہر کے صبرہ محلے میں واقع ایک رہائشی مکان پر کیا گیا، جہاں فراس المصری، ان کی اہلیہ سلسبیل اور ان کے چار بچے، جن میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل تھا، جان کی بازی ہار گئے۔
اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کارروائی کا ہدف حماس سے وابستہ ایک عسکریت پسند تھا، جبکہ حملے کے نتائج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
رائٹرز کی جانب سے حاصل کی گئی ویڈیو میں امدادی کارکنوں کو ملبے میں لگی آگ بجھاتے اور متاثرہ افراد کی لاشیں نکالتے دیکھا گیا۔ امدادی ٹیموں نے متعدد لاشیں سفید کفنوں میں منتقل کیں۔
جاں بحق ہونے والے فراس المصری کے والد ابو یوسف المصری نے بتایا کہ حملہ رات کے وقت اس وقت ہوا جب اہل خانہ سو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیٹے، بہو اور پوتے پوتیاں اچانک حملے کی زد میں آ گئے۔
