وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سعودی عرب کے صوبہ حفر الباطن کے سابق گورنر شہزادہ منصور کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
مریم نواز شریف نے انفراسٹرکچر، صحت، تعلیم، اور مذہبی سیاحت جیسے شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے لیے برادرانہ تعاون کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی اور میرٹ کو یقینی بنایا ہے، اور سعودی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سعودی عرب کو "بڑا بھائی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے دل یکساں دھڑکتے ہیں اور ان کے مضبوط تعلقات خطے کی ترقی کے لیے اہم ہیں۔
سعودی شہزادہ منصور نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات خطے کے استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور کھڑا رہے گا۔