تنزانیہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، ماؤنٹ کلیمنجارو پر گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک
دارالسلام — افریقی ملک تنزانیہ میں ایک ہیلی کاپٹر ماؤنٹ کلیمنجارو کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایک میڈیکل ریسکیو مشن پر تھا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، تاہم کسی فرد کے زندہ بچ جانے کی اطلاع نہیں ملی۔
حکام نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں دو غیر ملکی شہری، ایک ٹور گائیڈ، ہیلی کاپٹر کا پائلٹ اور ایک ڈاکٹر شامل ہیں، جو ریسکیو ٹیم کا حصہ تھے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے تکنیکی اور موسمی پہلوؤں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔