مصر: سرکاری ہسپتال میں جڑواں بھائی کی جگہ دو سال تک ملازمت کرنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار
قاہرہ – مصر کے سرکاری ہسپتال میں دو سال تک جڑواں بھائی کی شناخت استعمال کر کے ڈاکٹر بن کر کام کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ العربیہ کے مطابق 29 سالہ شخص، جو صرف سائنس کا گریجویٹ تھا، دو برس تک مریضوں کا علاج کرتا رہا۔
پولیس کے مطابق کمشنری البحیرہ میں رہنے والے یہ جڑواں بھائی جسمانی شکل و وضع کے لحاظ سے انتہائی مشابہت رکھتے تھے۔ اصلی بھائی سند یافتہ ڈاکٹر تھا جبکہ دوسرا بھائی بے روزگار تھا۔
اصل ڈاکٹر کو نجی ہسپتال سے بہتر تنخواہ پر ملازمت کی پیشکش ہوئی، جس پر اس نے سرکاری ہسپتال میں چھٹی کی درخواست دی، لیکن ریجنل ڈائریکٹر صحت نے چھٹی مسترد کر دی۔ اس کے بعد دونوں بھائیوں نے فیصلہ کیا کہ اصلی ڈاکٹر نئی نوکری جوائن کرے گا جبکہ دوسرا بھائی اس کی جگہ سرکاری ہسپتال میں کام کرے گا۔
جعلی ڈاکٹر دو سال تک ہسپتال میں اپنے بھائی کی جگہ خدمات انجام دیتا رہا۔ خطرناک یا پیچیدہ کیسز میں وہ معذرت کرتا اور معمولی معاملات میں اپنے بھائی سے مشورہ کر کے ہدایات پر عمل کرتا۔
یہ جعل سازی اس قدر کامیاب رہی کہ ہسپتال کا عملہ اور مریض فرق نہ پہچان سکے۔ تاہم، ایک نرس کو شک ہوا اور اس نے متعلقہ ادارے کو اطلاع دی۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے سپیشل برانچ کی مدد سے تحقیقات کیں، جس کے بعد جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا، اور بعد ازاں اصلی ڈاکٹر کو بھی حراست میں لے کر اس کے خلاف جعل سازی کا مقدمہ درج کیا گیا۔