جنوبی اسپین میں خوفناک ریلوے حادثہ، دو تیز رفتار ٹرینیں ٹکرانے سے 21 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی
میڈرڈ – جنوبی اسپین میں ایک ہولناک ریلوے حادثے کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 100 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی اور مخالف سمت سے آنے والی دوسری تیز رفتار ٹرین سے جا ٹکرائی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دونوں ٹرینوں کو شدید نقصان پہنچا، متعدد بوگیاں الٹ گئیں اور جائے حادثہ قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگا۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا، جہاں کئی افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میڈرڈ سے ہیولوا جا رہی تھی، جس کا ڈرائیور بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ حادثے کے وقت اس ٹرین میں 300 سے زائد مسافر سوار تھے، جبکہ مخالف سمت سے آنے والی دوسری ٹرین میں تقریباً 100 مسافر موجود تھے۔
حادثے کے بعد متاثرہ ریلوے ٹریک پر ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے تاکہ ریسکیو کارروائیاں اور تکنیکی جانچ مکمل کی جا سکے۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جن میں رفتار، سگنل سسٹم اور ممکنہ تکنیکی خرابی سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
اسپین کے اعلیٰ حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔