وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مؤمنی نے ملاقات جس دوران وزیراعظم نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہافریقین خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کریں، مخلص ثالث و سہولت کار کے طور پر کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم ہاوس کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر پزشکیان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا اور خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام فریقین ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بنیں۔ پاکستان دیانتدار، مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ بھی کیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مؤمنی نے اسلام آباد میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام پہنچایا۔ اسکندر مؤمنی نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے شہید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت پر وزیراعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا
