ہری پورحطار انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس لیکج دھماکے میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حطار انڈسٹریل اسٹیٹ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس سے شدید آگ لگی اور آگ کے شعلے انتہائی بلند تھے جو دور دور سے دیکھے گئے ، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، صوابی، مردان چارسدہ واہ کینٹ ٹیکسلا کی فائر بریگیڈ موقع پر پہنچی اور آگ بھجانے کے عمل میں حصہ لیا ۔
آگ لگنے اور دھماکے سے گیس پائپ لائن کے قریب کچی آبادی میں مرد وخواتین اور بچوں سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے اس واقعے میں ایم ایس ڈاکٹر منور آفریدی سمیت ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈ اور اسسٹنٹ کمشنر فصیح اسحاق عباسی اور تمام عملہ موقع پر موجود رہا ۔ ہری پور ٹرامہ سنٹر میں تین لاشیں لائی گئیں جبکہ رورل ہیلتھ کوٹ نجیب اللہ میں پانچ لاشیں منتقل کی گئیں ۔ گیس کی مین پائپ لائنوں کے ڈسٹریبیوشن والو کو واہ سے بند کرایا گیا لیکن پائپ لائن میں موجود گیس پریشر تقریبا دو گھنٹوں بعد کم ہوا اور رات نو بجے آگ کم ہوئی اورپریشرکم ہوا ۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد
ڈپٹی کمشنر ہری پور وسیم احمد نے بتایا کہ حطارانڈسٹریل سٹیٹ میں آگ سےآٹھ افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمی ایک ہی گھر کے افراد ہیں، چھ افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے، رسیکیو آپریشن مکمل کر لیا گیاہے، مزید کوئی شخص پھنسا ہوا نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونےوالوں میں تین بچے،دوبچیاں، دوبزرگ خواتین اورایک مرد شامل ہے۔
